سری نگر،05؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وادی کشمیر میں ناسازگار موسم کی وجہ سے سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گپھا کی یاترا جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی۔
یاترا عہدیداروں کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں دونوں یاترا راستوں پہلگام اور بال تل پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کے پیش نظر یاترا کو احتیاطی طور پر معطل رکھا گیا ہے۔ جموں سے بھی یاتریوں کے آٹھویں قافلے کو وادی کشمیر کی طرف روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس دوران ایک سرکاری ترجمان نے اطلاع دی کہ اب تک قریب 61 ہزار یاتریوں نے امرناتھ گپھا میں شیولنگم کے درشن کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’بال تل اور پہلگام کے راستوں پر مسلسل بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گر آنے سے یاترا بدھ کے روز بھی معطل رہی۔ تا ہم دونوں روٹوں پر محدود ہیلی کاپٹر سروس چلائی گئی۔شری امر ناتھ جی یاترا کے ساتویں روز بدھ کو 5919 یاتریوں نے پوتر گپھا پر حاضری دی۔ اب تک کل60752 یاتریوں نے شیولنگم کے درشن کئے ہیں‘۔
سرکاری ذرائع نے یاترا کی معطلی کے بارے میں بتایا ’مسلسل بارش اور یاترا راستوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے دونوں راستوں بشمول مختصر بال تل روٹ اور روایتی پہلگام راستوں پر یاترا بدستور معطل رکھی گئی ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ آج بھی یاتریوں کو پوتر گپھا کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جن یاتریوں نے گذشتہ دو دنوں کے دوران پوتر گپھا میں شیولنگم کے درشن کئے تھے، کو وہیں روکے رکھا گیا ہے‘۔